رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق موصل کے جنوبی علاقے "القیارہ" میں عراقی فورسز کے خلاف کیمیاوی ہتھیار کئے جا رہے ہیں۔
دہشت گرد گروہ داعش نے القیارہ کے علاقے میں عراقی فورسز کے ٹھکانوں پر کیماوی ہتھیار خصوصا کلورین گیس کا استعمال کیا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق داعش کی جانب سے کیمیاوی ہتھیاروں کے استعمال کے سبب عراقی فورسز سے وابستہ کئی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں۔
داعش کے دہشت گردوں نے دو ہزار چودہ میں موصل شہر پر قبضہ کرنے کے بعد عراقی فورسز اور کرد ملیشیا کے خلاف کئی بار کلورین، فاسفورس اور مسٹرڈ گیس کا بے تحاشا استعمال کیا۔
مغرب کے تربیت یافتہ دہشت گرد عناصر، شام میں بھی اپنے علاقائی اور مغربی حامیوں کے اشاروں پر کیمیاوی ہتھیاروں کا استعمال کر چکے ہیں۔
ادھر اطلاعات ہیں کہ بغداد میں ہونے والے دو بم دھماکوں میں دو افراد جاں بحق اور سولہ زخمی ہوئے ہیں۔ اتوار کے روز بھی بغداد میں بم کا ایک دھماکہ ہوا تھا جس میں دو افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے تھے۔
قابل ذکر ہے کہ عراقی فورسز کی جانب سے داعشی دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں میں شدت آنے کے بعد سے پبلک مقامات پر بم دھماکوں میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔