
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے ایک ترجمان صباح نعمان نے بیان کیا : فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی موصل میں واقع تیل کے چھے کنوؤں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان، اب جنوب کی جانب سے پیش قدمی کرتے ہوئے شہر القیارہ کے مرکز تک پہنچ گئے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق اس دوران داعش کے درجنوں عناصر کو ہلاک اور بارود سے بھری متعدد گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب عراقی سیکورٹی اداروں نے القیارہ شہر کی داعش کے قبضے سے مکمل آزادی کا اعلان کیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق عراقی فوج نے منگل کی صبح القیارہ کی آزادی کے لئے آپریشن کا آغاز کیا تھا۔
عسکری ذرائع کے مطابق چند ایک دیہات کو چھوڑ کر القیارہ کے تمام علاقوں سے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا گیا۔ عراقی فوج نے القیارہ کے سرکاری اسپتال پر قومی پرچم بھی لہرا دیا۔