رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے شہر حلب کو آزاد کرانے کی کارروائی کے دوران شامی فوج نے ستر سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
موصولہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں تین ہفتہ قبل روسی فضائیہ کی حمایت سے شروع ہوئی ہیں ۔
شامی فوج نے حلب کے اطراف میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور بھاری مقدار میں دہشت گرد گروہوں کے ہتھیار تباہ کردیئے ہیں۔
حلب میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں اب تک جہاں دہشت گردوں کو بھاری جانی نقصان ہوا ہے اور ڈھائی ہزار سے زائد دہشت گرد مارے گئے ہیں وہیں بڑی تعداد میں دہشت گرد زخمی بھی ہوئے ہیں اور ان کے فوجی ہتیھار بھی تباہ کردیئے گئے ہیں۔
شامی فوجیوں نے حلب شہر کے جنوبی علاقوں کے ایک بڑے حصے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے اور یہ کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
دوسرے ذرایع نے رپورٹ دی ہے : شامی فوج کے لڑاکا طیاروں نے، شمالی شام کے شہر رقہ میں جو دہشت گردوں کا اصلی گڑھ ہے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کرکے انہیں بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
اسی طرح شام کے لڑاکا طیاروں نے شام کے جنوبی علاقے میں دوما ۔ الریحان شاہراہ پر بھی دہشت گردوں کی متعدد گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ اور متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔