رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک شعبہ خواتین اسلام آباد کے زیر اہتمام سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف ایک احتجاج ہوا جس میں مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین راولپنڈی کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی۔ جس میں سیکرٹری جنرل راولپنڈی سیدہ قندیل زہرا کی زیر قیادت کثیر تعداد خواتین نے احتجاج میں شرکت کی۔
اس احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے قندیل زہرا نے کہا : سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داران کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا جانا قانون و انصاف کی بجائے اختیارات کی حکمرانی پر دلالت کرتا ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے تاکید کی : انصاف کے حصول تک ہم اسی پرعزم انداز میں اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
سیدہ قندیل زہرا نے کہا : حق و باطل کی جنگ میں باطل کے خلاف ڈٹ جانے کا درس ہمیں رسول کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے گھرانے سے ملتا ہے۔ مظلوم کی حمایت اور ظالم کی مخالفت مجلس وحدت مسلمین کی اولین ترجیح اور منشور کا حصہ ہے۔
انہوں نے تاکید کی : مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ حجت الاسلام راجہ ناصر عباس کی ہر آواز پر ہم لبیک کہتے ہوئے میدان عمل میں موجود رہیں گی۔
احتجاج میں سیکرٹری جنرل قندیل زہرا کے علاوہ ڈپٹی سیکرٹری جنرل سیدہ راضیہ، رابطہ سیکرٹری ثمینہ نقوی، سکاوٹس انچارج نساء رضوی، ردا کلثوم، راحیما فاطمہ اور محدثہ فاطمہ کے علاوہ دیگر خواتین نے بھی شرکت کی۔