رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے صدر پرنپ مکھرجی نے اوڑی کشمیر میں فوجی کیمپ پر ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دہشتگردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنائے گا۔
پاکستان کا نام لئے بغیر ہندوستانی صدر نے کہا : ہندوستان ایسے بزدلانہ حملوں سے گھبرائے گا نہیں۔ ہم دہشتگردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنا دیں گے ۔
پرنب مکھرجی جو ہندوستانی فوج کے سپریم کمانڈر بھی ہیں، نے اوڑی حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مہلوک جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
ادھر اوڑی حملہ کی مذمت کرتے ہوئے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے قوم کو یقین دلاتے ہوئے کہا : اس ’’نفرت انگیز اور نیچ‘‘ حملہ میں ملوث لوگ سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔
واضح رہے کل اوڑی حملے میں 17 ہندوستانی فوجی مارے گئے جبکہ 20 اہلکار زخمی ہوئے تھے، ساتھ ہی ساتھ 4 عدم شناخت جنگجوؤں کے ہلاکت کی خبریں بھی موصول ہوئی ہیں، ادھر مقبوضہ کشمیر کی مزاحمتی قیادت اور تجزیہ نگار اس حملے کو ہندوستان کی اپنی ہی کارستانی قرار دے رہے ہیں، کہا جارہا ہے کہ یہ ایسے وقت میں یہ سازش مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لئے انجام دی گئی ہے۔/۹۸۹/۹۴۰/