رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے المنار ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ سعودی عرب کے وزیراطلاعات ونشریات عادل الطریفی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ریاض ، یمن کی جنگ کی تحقیقات کے بارے میں اقوام متحدہ کے نمائندے کی درخواست کو مسترد کرتاہے ۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ زید رعد الحسین اور متعدد یورپی ملکوں نے یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم کی تحقیقات کے لئے ایک آزاد بین الاقوامی کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا تھا ۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے جس کے سینتالیس ممالک ممبر ہیں ، بین الاقوامی تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل کی مخالفت کی تھی بلکہ اس کی جگہ سوڈان کی یہ تجویز قبول کرلی کہ یمن کے سبھی متحارب فریقوں کے اقدامات کی تحقیق کرائی جائے ۔
سوڈان کی طرف سے پیش کی گئی اس تجویز میں جس کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے منطوری دے دی ہے کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے معائنہ کار اپنی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اس کی رپورٹ یمن کے مفرور اور مستعفی صدر منصورہادی کی زیرنگرانی قومی کمیشن کے سپرد کریں ۔
اس مسئلے پر یمن میں سرگرم انسانی حقوق کے گروہوں اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں نے شدید احتجاج کیاہے ۔اقوام متحدہ نے ستمبر میں اعلان کیا تھاکہ چھبیس مارچ دوہزار پندرہ سے اب تک سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کے حملے میں یمن کے دس ہزار سے زائد یمنی شہری جاں بحق ہوچکے ہیں ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/