20 November 2016 - 23:42
News ID: 424588
فونت
اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام شہروں میں شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
اربعین حسینی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران میں نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے بہتر با وفا ساتھیوں کا چہلم خاص مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔

اربعین حسینی کی مناسبت سے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں اور قریوں میں عزاداری اور سینہ زنی کا سلسلہ سنییچر کی رات سے ہی شروع ہوا اور اتوار کی شام تک جاری رہا ۔

شہدائے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے سب سے بڑا اجتماع مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک میں ہوا۔

روضہ مبارک میں عزا اداری کا سلسلہ سنیچر کی رات سے اتوار کو نماز مغربین تک جاری رہا۔ سردی کے باوجود سنیچر کی رات، شب چہلم کی مناسبت سے شہر مشہد مقدس اور اطراف کے علاقوں سے ماتمی دستوں کی آمد اور نوحہ خوانی و سینہ زنی کا سلسلہ نماز صبح تک جاری رہا ۔

اس کے ساتھ ہی روضہ مبارک کے اندر بھی عزاداروں اور سوگواروں کی بہت بڑی تعداد ساری رات نوحہ وماتم اور شب اربعین کے مخصوص اعمال میں مصروف رہی ۔نماز صبح ادا کرنے کے بعد عزاداری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا جس میں نماز ظہرین کے لئے وقفہ کیا گیا ۔

نمازظہرین کے بعد شہر مشہد مقدس اور اس کے مضافاتی علاقوں سے ماتمی دستوں کی آمد کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا جو نماز مغربین تک جاری رہا۔

دوسری طرف قم المقدس میں بھی فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی خواہر گرامی حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کا روضہ اقدس بھی اتوار کو عزاداروں اور سوگواروں سے مملو رہا ۔

قم المقدس میں چہلم کی مناسبت سے نماز صبح کے بعد سے ہی نکالے جانے والے ماتمی دستے نماز ظہر سے پہلے حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے پر پہنچ کے ختم ہوئے ۔

نماز ظہرین کے بعد ماتمی دستوں کی آمد کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوآ جو نماز مغربین تک جاری رہا۔ قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضہ مبارک میں بھی شب چہلم کی مناسبت سے ساری رات عزاداری اور نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔

اربعینی حسینی کی مناسبت سے شہر علم و اجتہاد میں تمام مراجع و علمای کرام کے گھروں پر بھی مجالس عزا منعقد کی گئی ۔

اسی طرح ایران کے سبھی دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی شہدائے کربلا کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا ۔

دارالحکومت تہران میں اربعین حسینی کی مناسبت سے حسینیوں اور مساجد میں عزاداری کی مجالس کا اہتمام کیا گیا اور ماتمی دستے برآمد ہوئے ۔

اسی کے ساتھ تہران میں جولوگ اربعین حسینی میں شرکت کے لئےکربلائے معلی کا سفر نہیں کرسکے تھے انھوں نے عاشقان حسینی کے نجف کربلا ملین مارچ کی پیروی میں تہران کے تین علاقوں سے حضرت شاہ عبدالعظیم کے روضہ مبارک تک پیدل مارچ کیا۔

بارش اور برف باری کے باوجود تہران سے حضرت شاہ عبدالعظیم تک نکالے جانے والے اربعین مارچ میں دسیوں لاکھ عزاداروں اور سوگواروں نے شرکت کی اور نوحہ وماتم کرتے ہوئے حضرت شاہ عبدالعظیم کے روضہ مبارک پر پہنچے ۔ /۹۸۹/ف۹۳۰/ک۵۴۴/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬