رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل ضلع ملتان کا اجلاس زیرصدارت حجت الاسلام سید کاشف ظہور نقوی ضلعی صدر ایس یو سی ضلع ملتان منعقد ہوا، شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری نے اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی ۔
اجلاس میں نئی ضلعی کابینہ کے لئے نائب صدور سید محمد تقی گردیزی، مولانا عابد حسین، سید زکی کاظمی، جنرل سیکرٹری سید انیس حیدر نقوی، ڈپٹی سیکرٹری مرید حسین، فنانس سیکرٹری رانا حسنین حیدر، سیکرٹری نشرواشاعت سید محمد علی رضوی اور ایک مشاورتی کونسل احمد حسن زیدی، سید آصف رضا، افضال زیدی، ناصر رضا چاون، ثمر عباس، عترت کاظمی اور الطاف حسین کا اعلان کیا گیا، جبکہ باقی کابینہ اگلے اجلاس میں مکمل کی جائے گی۔
صوبائی صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری نے کابینہ سے حلف لیا۔
اس موقع پر انہوں نے نئی کابینہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا : اس وقت پاکستان میں دہشت گردی کے نام پر جو قتل و غارت گری کی جا رہی ہے، یہ دراصل پاکستان کے خلاف ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے، جو پاکستان کو کمزور کرنے کی ایک سازش ہے۔
انہوں نے کہا : دہشت گردی ایک ایسا ناسور ہے، جو ملک کی جڑیں کھوکھلی کرنے کے لئے کافی ہے، اس دہشت گردی میں ہمارے کم فہم اور عقل سے عاری لوگ ہی کام آ رہے ہیں، اسلام کے لبادے میں یہ لوگ مساجد، امام بارگاہوں، اقلیتوں کے عبادت خانوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر اسلام کی بدنامی اور انسانیت کی تذلیل کا سبب بن رہے ہیں۔ ایسے حالات میں آپ کا کردار بطور پاکستانی ایسا ہونا چاہئے کہ جس سے دشمن کی کوئی بھی سازش کامیاب نہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا : عالمی استعماری طاقتوں نے مسلمان ملکوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا ہوا ہے۔ ہم نے ہمیشہ پاکستان کی بقا کے لئے اپنا کردار ادا کیا ہے، ہم پاکستان میں امن کے خواہاں ہیں اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، اجلاس میں ڈویژنل صدر سید محمد شاہ، وقار نقوی، تحصیل شجاع آباد کے صدر سید بشیر احمد شاہ، ذیشان حیدر اور دیگر موجود تھے۔ /۹۸۸/ن۹۴۰