شمالی شہر موصل میں عراقی افواج کی شاندار پیش قدمی
شمالی شہر موصل کو آزاد کرانے کے لئے آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری ہے جس کے دوران عراقی افواج نے شاندار پیش قدمی کی ہے۔
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے خصوصی دستے کے کمانڈر معن السعدی نے کہا ہے کہ عراقی افواج موصل شہر کے مشرقی محاذ پراپنی پیشقدمی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اب شمال مشرقی محاذ کی جانب بڑھ رہی ہیں ۔
انسداد دہشت گردی فورس سے وابستہ عراقی فوج کے خصوصی دستے کے کمانڈر نے کہا کہ عراقی فضائیہ نے بھی موصل شہر کے اندر داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ موصل کے مشرق میں الشہدا اور البرید کے علاقے دہشت گردوں کے قبضے سے مکمل طور پر آزاد کرالئے گئے ہیں جبکہ الاعلام نامی قصبے کے ستر فیصد حصے کو داعش کے چنگل سے آزاد کرا لیا گیا ہے ۔
عراقی فوج کے مذکورہ کمانڈر نے کہا ہے کہ انسداد دہشت گردی فورس کے جوان جو موصل کے مشرقی علاقوں کی آزادی کی ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اور زمینی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ موصل کے مشرقی علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں پرعراقی فضائیہ کی بھی کارروائیاں کافی تیز ہوگئی ہیں ۔
دوسری جانب موصل شہر کے مشرقی علاقوں الوحدہ اور المیثاق میں عراقی فوج کے داحل ہونے کے بعد فوج اور داعش کے عناصر کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے خبروں میں بتایا گیا ہے کہ ان علاقوں میں موجود دہشت گرد علاقے کے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں اور انہوں نے ان شہریوں کو کشتیوں کے ذریعے شہر کے مغربی حصے میں منتقل کردیا ہے ۔
دریں اثنا صوبہ نینوا میں اہل سنت اوقاف کے سربراہ ابو بکر کنعان نے اعلان کیا ہے کہ داعش کے عناصر نے موصل اور اس کے مضافات میں سینتیس سے زائد مساجد کو مسمار کردیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/