رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی ٹیم نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی بالا میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیموں کے ۵ مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے ۔ دہشت گردوں سے بارودی مواد، دستی بم اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
محکمہ انسداد دہشت گردی کو ڈیرہ غازی خان کے علاقے چوٹی بالا کی رکھ روجھانی میں ۹ دہشت گرد موجود ہونے کی اطلاع ملی تھی، جس پر علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے محکمہ انسداد دہشت گردی کی ٹیم دہشت گردوں کی کمین گاہ کے قریب پہنچی تو دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی، جوابی کارروائی میں ۵ دہشت گرد مارے گئے، ان کے ۴ ساتھی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ترجمان کا کہنا ہے مارے گئے دہشت گردوں میں ملک تحسین اور کامران کی شناخت ہوئی ہے، ان کا تعلق دو کالعدم تنظیموں تحریک طالبان اور داعش سے تھا۔
دہشت گردوں کے قبضے سے چار ہینڈ گرنیڈ، ۴ رائفلیں اور دو پسٹل بھی برآمد ہوئے ہیں۔ سی ٹی ڈی ملتان نے مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/