رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے امریکہ کی جانبدارانہ پالیسی پر گہری تشویش اور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے خود مختار آزاد خارجہ پالیسی بنانا ہوگی، طاقت کا توازن بگڑا تو نقصان پورے خطے اور دنیا کو ہوگا، امریکہ اپنے مفادات کے خاطر ھندوستان کی حمایت کرکے دنیا کو مشکلات میں جھونک رہا ہے۔
انہوں نے کہا : پاکستان کی ایٹمی صلاحیت اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، یہ ملک کے 20 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی ہے، دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن کا کردار ادا کرنے والے دوست سے بے رخی اور جنونیوں سے دوستی امن کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے، امریکہ اپنی خارجہ پالیسی پر غور کرے اور ایسے فیصلے کرے جس سے دنیا میں امن، ترقی اور خوشحالی کے باب کا آغاز ہو۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ نفرتوں پر مبنی فیصلوں سے کبھی بھی بہتر نتائج برآمد نہیں ہوتے، امریکہ بیلنس سوچ کو اپناتے ہوئے ایسے فیصلوں سے گریز کرے جس سے امن تباہ ہوتا ہو، پاکستان ایک آزاد اور خود مختار ملک ہے ملک کی سلامتی اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، میرٹ اور انصاف کا قتل کرکے خطے میں امن کسی صورت قائم نہیں ہوسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جنگ کی صورت میں منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، یہ یاد رکھا جائے جنگ سے دوریاں ہوتی ہیں، بات چیت ڈائیلاگ اور ایک دوسرے کے حق کو تسلیم کرنے سے ترقی خوشحالی اور پائیدار امن قائم ہوتا ہے، امریکہ ھندوستان کی حمایت کرکے دوریوں اور نفرتوں کو جنم دے رہا ہے، پاکستان تمام مسائل کا حل ڈائیلاکگ سے چاہتا ہے، پاکستانی قوم ملک کے دفاع، خودمختاری اور سلامتی کیلئے حکومت اور فوج کے ساتھ مل کر ملک دشمن قوتوں سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/