رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حکومتی کابینہ کی طرف سے اس سلسلے میں جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ پلاسکو تجارتی کمپلیکس میں آتشزدگی اور اس کے منہدم ہو جانے کے نتیجے میں متعدد شہریوں اور فائر بریگیڈ کے عملے کے افراد کی شہادت انتہائی غم ناک حادثہ ہے-
حکومتی کابینہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دردناک اور افسوسناک سانحے کے بعد فائربریگیڈ کے کارکنوں نے ایرانی عوام اور پوری دنیا کے سامنے اپنی غیر معمولی فداکاریوں اورایثار کا شاندارہ جلوہ پیش کیا -
حکومتی کابینہ کے بیان میں پلاسکو سانحے میں جاں بحق اور شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت اور ان کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی -
پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی جمعے کو اپنے ایک بیان میں پلاسکو سانحے پر اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ امدادی کارروائیوں کے دوران فائربریگیڈ کے عملے کے کارکنوں کی شجاعت اور فداکاری نے ہر شخص کو تعریف کرنے پر مجبور کردیا -
انہوں نے کہا کہ ایران کی شجاع قوم کے سپوتوں نے اس بار آگ کا مقابلہ کیا اور بلاشبہہ ان جیالوں کے نام تاریخ میں ہمیشہ کے لئے سنہری حروف میں درج ہوگئے -
اس درمیان تہران کے فائر بریگیڈ کے ادارے کے ترجمان جلال ملکی نے کہا ہے کہ پلاسکوکمپلیکس کے بے پناہ ملبے اور ملبے میں دبی ہوئی بے آگ کے شعلے اور شدید حرارت کے پیش نظر ملبے میں پھنسے ہوئے لوگوں کے زندہ بچ جانے کی کوئی امید نہیں رہ گئی ہے-
انہوں نے کہا کہ پلاسکو تجارتی کمپلیکس کا ملبہ ہٹانے کا کام پوری تیز رفتاری سے جاری ہے اور فائر بریگیڈ کے عملے کے افراد اور امدادی کارکن ملبے کے نیچے دبے ہوئے لوگوں کو تلاش کرنے میں مصروف ہیں -
انہوں نے کہا کہ ملبے کے نیچے سے ابھی تک کسی کو بھی نہیں نکالا جاسکا ہے کیونکہ ملبہ بہت ہی زیادہ ہے اوراس کے نیچے آگ کے شعلے بھڑ ک رہے ہیں-
جمعرات کی صبح تہران کے مرکزی علاقے میں واقع پلاسکو تجارتی کمپلیکس میں آگ لگ گئی اور پھر آگ اتنی تیزی کے ساتھ پوری عمارت میں پھیلی کہ دوسو سے زیادہ فائربریگیڈ کی گاڑیاں بھی اس پر قابو نہیں پاسکیں اور چند گھننے کے بعد پندرہ منزلہ عمارت زمیں بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں متعدد افراد جن میں امدادی کارکن بھی شامل ہیں جاں بحق ہوگئے -/۹۸۸/ ن۹۴۰