رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران میں اسلامی انقلاب کی 38ویں سالگرہ کے حوالے سے کل اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستان اور ایران نے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک ایک جیسی روایات کے امین ہیں اور دوستی کے سفر میں دونوں کو ابھی لمبا سفر طے کرنا باقی ہے۔
تقریب کی مہمان خصوصی اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کےعوام کو اسلامی انقلاب کی 38ویں سالگرہ کی مبارکباد دی ان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی اہم بات ہے کہ ایران ہمارا انتہائی قریبی اور پیارا ہمسایہ ملک ہے۔
وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ پاک ایران ثقافتی تعلقات کو بہترین سطح تک لے جانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، فنکاروں اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلوں کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین آرٹ اینڈ کلچر اور فلم کے شعبے میں تعاون کویقینی بنایا جائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جب مختلف ممالک کے فرینڈشپ گروپس بنانے کی بات شروع ہوئی تو سب سے زیادہ ممبران قومی اسمبلی نے ایران کے لئے رجسٹریشن کرائی، جس سےاندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاک ایران عوام ایک دوسرے سے کس قدر محبت رکھتے ہیں، انہوں نے ایران جانے کی خواہش کا اظہار کرتے شرکائے تقریب سے بھی خواہش ظاہر کہ وہ ایران جائیں اور وہاں کے لوگوں کی پاکستانیوں کے لئے محبت کا مشاہدہ کریں۔
ایران میں اقبال میوزیم کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اقبال دونوں ممالک کی مشترکہ میراث ہیں، میوزیم کا قیام دونوں ممالک کے محبت کے لازوال رشتوں کی زندہ مثال ہے۔ ایران کی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کی جس پر شکر گزار ہیں۔ ہر سال لاکھوں لوگ پاکستان سے ایران جاتے ہیں، ویزا اور دیگر ایشوز کو آسان بنانے کے لئے دونوں ممالک کے مابین بھی بات چل رہی ہے۔
پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ موسیقی آرٹ اور کلچر کی زبان ہے، جس کے ذریعے ثقافتی تعلقات میں اضافے کو ممکن بناکر امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوروز کے موقع پر ایرانی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جا ئے گا جس میں ایران کی مشہور زمانہ فلمیں پیش کی جائیں گی۔
ثقافتی قونصلیٹ شہاب الدین دارائی کا کہنا تھا کہ ایران کے قومی دن کے موقع پر بانی ا نقلاب امام خمینی رضوان اللہ علیہ، مقام معظم رہبری سید علی خامنہ اور شہدائے انقلاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کی انتھک کوششوں سے شجر اسلام کی آبیاری اور کرپٹ، ڈکٹیٹر حکومت کا خاتمہ ممکن ہوا۔ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران ایران نے سختیوں، پابندیوں اور جارح طاقتوں کے ظلم کے باوجود ترقی اور کامیابی کا سفر جاری و ساری رکھا اور آج ایران پوری دنیا میں ایک اہم سیاسی، ثقافتی اور سائنسی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔
ڈائریکٹر پی این سی اے سید جمال شاہ نے اس موقع پر کہا کہ آرٹ اور کلچر لوگوں کو قریب لانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ ایران نے اس شعبے میں بےمثال ترقی کی، دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دونوں ممالک سینما، ویژیول آرٹ اور کلچر کے شعبوں میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کے لئے تیار ہیں۔
اس موقع پر ایرانی دستکاریوں پر مشتمل ایرانی ثقافت اور آرٹس کی دیدہ زیب نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔
تقریب میں ایران اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ نیشنل کونسل آف آرٹس میں ایرانی فن پاروں کی دو روزہ نمائش بھی جاری ہے، جو آج (بدھ کو) اختتام پذیر ہوگی۔/۹۸۸/ ن۹۴۰