
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیاں عالمی امن کیلئے شدید خطرہ ہیں۔
انہوں نے وضاحت کی : امریکہ اور کینیڈا میں مساجد پر حملے ڈونلڈ ٹرمپ کی اسلام دشمن پالیسیوں کا شاخسانہ ہیں، امریکی صدر دہشتگردی کو اسلام کے ساتھ جوڑنے کی مذموم سازش سے باز رہیں، مسلمان دہشتگرد نہیں بلکہ دہشتگردی کا شکار ہیں۔
انہوں نے بیان کیا : امریکہ اور کینیڈا میں مساجد پر حملہ کرنیوالے دہشتگردوں کو بے نقاب کیا جائے، انتہا پسندانہ اور متعصبانہ پالیسیاں ختم نہ کی گئیں تو نہ صرف امریکہ کو عالمی تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ ٹرمپ کی منفی پالیسیوں سے پوری دنیا جنگ کی لپیٹ میں آ جائے گی، اقوام متحدہ مسلمانوں کیخلاف ہونیوالی دہشتگردی کا فوری نوٹس لے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کے نظریاتی تشخص کو ختم کرنے کیلئے امریکہ اور مغرب سازشوں میں مصروف ہیں، سوشل میڈیا پر اسلام کیخلاف ہرزہ سرائی کرنیوالوں کو عالمی قوتوں کی سرپرستی حاصل ہے، گستاخ بلاگرز اسلام دشمن قوتوں کے تنخواہ دار ایجنٹ ہیں، ان کیخلاف فوری مقدمات قائم کیے جائیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/