رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل سندھ کی جانب سے سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی اور اظہار ہمدردی کیلئے مظاہرے، ریلیاں اور سیمینارز منعقد کئے گئے، کراچی میں صوبائی دفتر میں سیمینار منعقد ہوا، جس میں ذمہ داران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام ناظر عباس تقوی نے کہا : بھارت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق بیدردی سے پامال کر رہا ہے، کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کے عالمی چیمپئن کیوں خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا : بھارت کشمیر سے کسی صورت قبضہ ختم کرنے کو تیار نہیں، تو پھر پاکستانی حکمران کیوں مسئلہ کشمیر پر لچک دکھا رہے ہیں۔
صوبائی صدر نے کہا : گذشتہ کئی دہائیوں سے کشمیری عوام اپنے حقوق کی جدوجہد کر رہی ہے، ہم کشمیری عوام کے حقوق کی حمایت کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی اُمنگوں کے مطابق حل کیا جائے، کشمیر میں گذشتہ کئی مہینوں سے انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے، بھارت بے گناہ عوام کو گولیوں کا نشانہ بنا رہا ہے، جس کی وجہ سے اب تک سینکڑوں بے گناہ لوگ شہید ہوچکے ہیں۔
حجت الاسلام تقوی نے کہا : عالمی حقوق کے دعویدار اور اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے دکھائی نہیں دے رہے، اقوام متحدہ کو چاہیئے کہ کشمیری عوام پر ہونے والے مظالم اور بھارتی بربریت کو روکنے کیلئے بھارت پر زور ڈالے کہ وہ انسانی حقوق کی پامالی اور بے گناہ کشمیری عوام کے قتل و غارت گری سے گریز کرے۔
انہوں نے کہا : پاکستانی حکومت کو چاہیئے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرے اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سنجیدہ اقدامات کرے، گذشتہ کئی سالوں سے مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ مسئلہ کشمیر ہمارا بنیادی مسئلہ ہے، اس مسئلے کو ہر سطح پر اُٹھانا ہماری ذمہ داری ہے، مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے تک حکمرانوں کو اس پر زُور دینا چاہئے۔
ایس یو سی کے صوبائی صدر نے مزید کہا: پاکستانی عوام کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ میدان عمل میں موجود ہے، پاکستانی اور کشمیری عوام ایک جسم کی مانند ہیں، اگر کشمیر پر مسلمانوں پر مظالم ہوں گے تو پاکستانی عوام ہی نہیں، بلکہ پوری دنیا میں کشمیری عوام کی حمایت میں آواز اٹھائی جائے گی۔/۹۸۸/ ن۹۴۰