رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کا ادارہ بولڈ کے زیراہتمام بلتستان کے صدر مقام اسکردو میں میٹرک کے طلباء و طالبات کا بورڈ کے پیٹرن کے مطابق امتحانات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ پری بورڈ ایگزام میں آٹھ سو سے زائد طلباء و طالبات ہر سال کی طرح اس سال بھی جوش و خروش کیساتھ حصہ لے رہے ہیں۔ اس سلسلے میں مجموعی طور پر چار امتحانات کے مراکز قائم کئے ہیں۔
جن میں سے طالبات کیلئے اسوہ گرلز کالج، سکمیدان گرلز ہائی سکول جبکہ طلباء کے لیے ہائی سکول سکمیدان اور گمبہ اسکردو میں سنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ پری بورڈ ایگزام کی نگرانی بولڈ کے کارکنان کیساتھ ساتھ تجربہ کار اساتیذ، انجینئرز اور ڈاکٹرز کر رہے ہیں۔
جبکہ سکیورٹی کیلئے امامیہ اسکاوٹس، معاونت کیلئے آئی ایس او بلتستان کے صدر سید اطہر موسوی، انکی کابینہ اور آئی ایس او ممبران پیش پیش ہیں۔ امتحان کا یہ سلسلہ تمام مضامین کے اختتام تک جاری رہے گا۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی دونوں جماعتوں کے ٹاپرز کیلئے لیپ ٹاپ جبکہ دیگر پوزیشن لینے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامات دیئے جائیں گے۔ واضح رہے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کا ادارہ بولڈ گزشتہ آٹھ سالوں سے اسکردو میں طلباء و طالبات کی تیاری کیلئے امتحانات منعقد کرتا رہا ہے۔
جس کی باقاعدہ اجازت لی گئی ہے اور حوصلہ افزائی محکمہ تعلیم کے ڈائیریکٹر، ڈپٹی ڈائیریکٹر اور اعلٰی عہدیداران کرتے رہے ہیں۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ تعلیمی میدان میں ہر سطح پر سیمینارز، لیکچرز، مختلف مواقع پر اجتماعی پروگرامات سمیت کیرئیر کونسلنگ سیشن اور تقاریب کا انعقاد کرتی رہی ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰