رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غیر ملکی ذرائع ابلاغ نے ایران کی فضائیہ کے کمانڈروں اور کارکنوں سے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے خطاب کو کوریج دیتے ہوئے آپ کے اس بیان کو نقل کیا ہے کہ کوئی بھی دشمن ایرانی قوم کو مفلوج نہیں کر سکتا اور ایرانی قوم اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کے جلوس اور مظاہروں میں وسیع پیمانے پر شرکت کر کے امریکی دھمکیوں کا جواب دے گی۔
روئیٹرز نیوز ایجنسی نے رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کے بارے میں رپورٹ دی ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر نے امریکی صدر ٹرمپ کے انتباہ کو مسترد کرتے ہوئے ایرانیوں سے کہا ہے کہ وہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلیوں میں امریکی صدر کی دھمکیوں کا جواب دیں۔
فرانس پریس نے بھی امریکی صدر ٹرمپ کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کا ذکر کرتے ہوئے آپ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ٹرمپ نے امریکہ کے حقیقی چہرے کو نمایاں کر دیا۔
فرانس کے چینل چوبیس نے بھی آپ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ٹرمپ نے امریکہ کے انتخابات اور اس کے بعد کے دور میں امریکہ کے مختلف اخلاقی، سیاسی، سماجی اور اقتصادی اسکینڈل اور بدعنوانیوں کو آشکار کر دیا۔ اس ٹی وی چینل نے امریکی حکومت کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کو منعکس کرتے ہوئے آپ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ٹرمپ کی حکومت ایک پانچ سالہ بچّے کو ہتھکڑیاں پہناتی ہے جس سے امریکہ میں انسانی حقوق کی ماہیت کا پتہ چلتا ہے۔اسی طرح برطانوی اخبار انڈیپنڈنٹ کی ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ ایران کے رہبر عظیم نے کہا ہے کہ ٹرمپ نے امریکہ کی حقیقت کھول کر رکھ دی ہے اور ایرانی عوام جمعے کے روز بتائیں گے کہ جب ایران کو دھمکی دی جائے گی تو ایران کا موقف کیا ہوگا۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے رپورٹ دی ہے کہ ایران کے رہبر معظم نے ایرانی فضائیہ کے کمانڈروں سے اپنے خطاب میں ٹرمپ پر شدید تنقید کی اور کہا کہ امریکہ کے نئے صدر نے اپنے ملک کا حقیقی چہرا نمایاں کر دیا۔
امریکہ کے این بی سی ٹی وی کی ویب سائٹ نے بھی رپورٹ دی ہے کہ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے مثالی خطاب میں ایران کے میزائل تجربات کے بارے میں امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی دشمن ایرانی قوم کو مفلوج نہیں کر سکتا۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل کے روز ایران کی فضائیہ کے کمانڈروں اور کارکنوں سے اپنے خطاب میں امریکہ کے نئے صدر ٹرمپ کے اس بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ ایرانیوں کو چاہئے کہ مجھ سے ڈریں، تاکید کے ساتھ فرمایا ہے کہ ایرانی عوام کسی دھمکی سے نہیں ڈرتے۔
آپ نے فرمایا کہ ایرانی عوام، آئندہ جمعے کو اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی مناسبت سے نکالی جانے والی ریلیوں میں شرکت کر کے ٹرمپ کی تمام دھمکیوں اور اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیں گے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰