30 March 2017 - 13:54
News ID: 427188
فونت
پاکستان کے شیعہ علماء نے بیان کیا : شرپسند خطیب اور چند بھٹکے ہوئے نام نہاد ذاکرین بیرونی ایجنڈے کے تحت تشیع کو بدنام کررہے ہیں ۔
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے شیعہ علماء نے مفسر قرآن علامہ محسن علی نجفی کی زیر صدارت اجلاس میں کچھ عناصر کی طرف سے عقائد تشیع کو مسخ کرکے پیش کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اظہار بیزاری کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ اہل علم سے مربوط ہوکر مدارس دینیہ کو مضبوط بنائیں۔

آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی، قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی ، اور علامہ شیخ محسن نجفی کی نگرانی میں 12رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی جو عقائد کو مسخ کر کے پیش کرنے کی قبیح سازشوں روکنے کے لئے اقدامات تجویز کرے گی۔

جامعتہ المنتظر میں ہونے والے اس اجلاس میں علامہ محمد حسین نجفی، علامہ قاضی نیاز حسین نقوی، علامہ محمد جمعہ اسدی، علامہ محمد افضل حیدری اور ملک بھر سے دیگر بزرگ علما نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں توحید و رسالت اور دیگر مسلمہ عقائد کو مسخ کرکے پیش کرنے والوں کو متنبہ کیا گیا کہ وہ تشیع کے عقائد کی درستگی اور تشریح کے لئے ذمہ دار علما سے رجوع کریں اورمکتب اہل بیت کی بدنامی کا باعث نہ بنیں۔

اجلاس میں نام نہاد عناصر کی طرف سے منبر حسینی کے غلط استعمال اور سادہ عوام کو اسلام کے نگران مجتہدین اورمراجع تقلید کے خلاف اکسانے پربھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اور واضح کیا گیا کہ شرپسند خطیب اور چند بھٹکے ہوئے نام نہاد ذاکرین بیرونی ایجنڈے کے تحت تشیع کو بدنام کررہے ہیں، اور ایسے عقائد کو مسخ کرکے خود ساختہ انداز سے پیش کررہے ہیں، جن کا اسلام ، پیغمبر اکرم اور ان کے جانشینوں کی تعلیمات اور عقائد تشیع سے کوئی تعلق نہیں۔

عقائد تشیع وہی ہیں جو قرآن الحکیم اور اہل بیت محمد کی تعلیمات میں پیش کردہ ہیں، خود ساختہ عقائد مذہب حقہ کی توہین اور اسلام کی نفی کے مترادف ہے، جس کی نیم خواندہ مقررین اور چندنام نہاد ذاکرین کو اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اجلاس سے خطاب میں قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے تشیع کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والے بے بنیاد پراپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ تشیع اسلام کی بہترین تعبیر کا نام اور کھلی کتاب ہے، جس کا شرک اور غلو سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم شیعہ ہیں، نصیری نہیں۔

ملی وحدت کو نقصان پہنچائے بغیر عقائد تشیع کو مسخ کرنے کے خلاف منظم مہم چلائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی شیعہ کے خلاف ہونے والی سازشوں کا اتحاد امت کے ذریعے مقابلہ کیا ، اب بھی کریں گے۔ /۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬