![جمعیت اہلحدیث پاکستان](/Original/1396/01/15/IMG23490370.png)
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے فیصل آباد میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسلام، نبی کریم ﷺ اور پاکستان کے غداروں کیخلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت فوجی عدالتوں میں مقدمات چلانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : پارا چنار سمیت ملک بھر میں ہونیوالی دہشت گردی قابل مذمت ہے، کلمہ کے نام پر بننے والے ملک میں لبرل ازم یاسیکولر ازم نہیں، بلکہ محمد عربیﷺ کا نظام چلے گا۔
فیصل آباد میں علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنیوالے ادارے اور سکیورٹی ایجنسیاں دہشت گردوں کی تعداد بتانے کیساتھ ساتھ انہیں کیفر کردار تک پہنچانے میں بھی اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو بحرانوں سے نجات دلانے کے لئے علمائے کرام کو آگے آنا ہو گا، جبکہ نوجوان اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگیاں سنواریں۔
انہوں نے کہا کہ مسلمان قرآنی تعلیمات پر عمل کر کے ہی دنیا و آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھارت خطے کے امن کے لئے خطرہ بن چکا ہے، لیکن ہمارے حکمرانوں کو فیتے کاٹنے سے ہی فرصت نہیں ہے، اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق سندھ طاس معاہدے پر غفلت جاری رکھنے پر پاکستان چند برسوں میں پانی کی قلت کا شکار ہو جائے گا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/