رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق العالم کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کی صبح ایک فلسطینی نے غرب اردن میں رام اللہ کے قریب واقع عوفر کالونی میں ایک صیہونی فوجی پر اپنی گاڑی چڑھا دی۔
باخبر ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد صیہونی فوجیوں نے اس فلسطینی پر اندھا دھند فائرنگ کرنا شروع کر دی جس کے نتیجے میں یہ فلسطینی مجاہد شہید ہو گیا۔ رپورٹ کے مطابق تحریک حماس کے ترجمان عبداللطیف القانوع نے غزہ پٹی میں تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی جوان کی یہ کارروائی ملت فلسطین پر صیہونی حکومت کے جرائم و جارحیت کا جواب ہے۔
تحریک حماس کے ایک اور ترجمان حازم قاسم نے اعلان کیا ہے کہ انتفاضہ قدس نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ جب تک صیہونی حکومت کا غاصبانہ قبضہ جاری رہے گا، استقامت و مزاحمت بھی جاری رہے گی اور اس وقت تک صیہونی فوجیوں اور یہودی آبادکاروں کو امن و تحفط نصیب نہ ہو گا۔
فلسطین کے مقدس اسلامی مقامات خاص طور سے بیت المقدس کے خلاف صیہونی فوجیوں اور یہودی آبادکاروں کی جارحیت میں تیزی آنے کے بعد یکم اکتوبر دو ہزار پندرہ سے تحریک انتفاضہ قدس کا آغاز ہوا ہے۔ تحریک انتفاضہ قدس شروع ہونے کے بعد سے اب تک تین سو سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
فلسطینی شہری، مسجد الاقصی پر یہودی آبادکاروں کی بار بار کی یلغار کا مقابلہ کرنے کے لئے مختلف طریقوں سے صیہونیوں کے تخریبی اقدامات کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/