رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے صوبہ مازندران کے اپنے دورے میں شہر ساری میں ایک بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ ہجری شمسی سال کے دوران روس کے ساتھ تجارتی لین دین میں اسّی فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
انھوں نے کہا کہ صوبے مازندران کی بندرگاہ، امیرآباد میں نئی تنصیبات کے قیام کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ بھی ایران کے تعلقات مسلسل فروغ پا رہے ہیں، کہا کہ مستقبل میں دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات میں مزید توسیع کا مشاہدہ کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ یوریشیا ممالک کے درمیان آزاد تجارتی علاقے کے قیام سے ان ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات میں قابل ذکر تبدیلی آئی ہے اور ان ملکوں کے ساتھ سمجھوتوں سے ایران کی برآمدات میں خوشگوار تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔/۹۸۸/ ن۹۴۰