رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ ضلع خیرپور کے زیر اہتمام عظمت علی و فاطمہ زھرا کانفرنس کنب کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کی گئی، جس میں ملت تشیع کی مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں سمیت شہداء کے لواحقین، علماء کرام اور بڑی تعداد میں کارکنوں نے شرکت کی۔
کانفرنس سے حجت الاسلام و المسلمین راجہ ناصر عباس جعفری نے ٹیلی فونک خطاب کیا، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کی شورائے عالی کے رکن علامہ حیدر علی جوادی، سندھ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، مرکزی ترجمان علامہ مختار احمد امامی، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا محمد نقی حیدری، مولانا سید ثمر نقوی، علامہ احمد علی طاہری، مولانا سجاد محسنی و آفتاب میرانی و دیگر نے خطاب کیا۔
کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے حجت الاسلام و المسلمین جعفری نے کہا : شہدا کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا، ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ہم چین سے نہیں بیٹھں گے، شدت پسندی کے خلاف تمام معتدل جماعتوں سے مل کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی، کالعدم جماعتوں اور انتہاء پسندوں سے حکومتی شخصیات کے دوستانہ روابط افسوسناک اور شہداء کے خون سے غداری ہے، پوری قوم اس منافقانہ طرز عمل پر سراپا احتجاج ہے، وطن عزیز میں قومی سطح پر دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان ملت تشیع کو اٹھانا پڑا، ہمارے بہترین پروفیشنلز، ڈاکٹرز، وکلا، پروفیسرز اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کو دن دیہاڑے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا، یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ فوجی عدالتوں کے قیام کے بعد بھی ہمیں انصاف فراہم نہ ہو سکا، شیعہ کلنگ میں ملوث دہشت گردوں کے ساتھ لچک کا یہ مظاہرہ ملک میں رائج انصاف کے دوہرے معیار پر دلالت کرتا ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰