رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر لاہور میں اجلاس کی سربراہی کرتے ہوئے مرکزی جنرل سیکرٹری انصر مہدی نے کہا کہ 16 مئی عالمی استکبار و استعمار کیخلاف اُٹھ کھڑے ہونے کا دن ہے، امام خمینی کا فرمان روز روشن کی طرح واضع ہو چکا ہے کہ دنیا کی تمام تر مشکلات کا ذمہ دار امریکہ ہے، آج اسرائیل کا وجود عالم اسلام کیلئے خطرہ بن چکا ہے، اگر عرب ممالک ان سازشوں کا شکار نہ ہوتے تو آج انسانیت کا ناحق خون نہ بہتا۔
انصر مہدی نے مزید کہا کہ 16 مئی کو امریکہ نے بزور طاقت اقوام متحدہ سے اسرائیل کے ناپاک وجود کو منظور کروایا تھا جس پر علامہ عارف الحسین الحسینی نے 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ منانے کا اعلان کیا اور ان کے حکم پر آئی ایس او پاکستان ہر سال عالمی استکبار کیخلاف 16 مئی کو یوم مردہ باد امریکہ مناتی ہے اس روز فلسطینی مظلوموں کی حمایت کرکے صیہونی مظالم سے پردہ اٹھایا جاتا ہے لہذا امسال بھی ملک گیر امریکہ و اسرائیل مردہ باد ریلیاں نکالی جائیں گی۔ /۹۸۸/ ن ۹۴۰