13 May 2017 - 18:53
News ID: 428042
فونت
بہرام قاسمی:
اسلامی جمہوریہ ایران نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ہونے والے خودکش دھماکے اور اس میں دسیوں افراد کے مارے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بہرام قاسمی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں علاقے میں بڑھتے ہوئے دہشت گردانہ اقدامات اور عدم استحکام کو ان دشمنوں کی سازش کا نتیجہ قرار دیا جو اپنا مفاد، اسلامی ممالک میں بدامنی پیدا کئے جانے میں دیکھتے ہیں اور وہ بدامنی کے پھیلنے سے فائدہ اٹھا بھی رہے ہیں-

بہرام قاسمی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ دہشت گردی کی لعنت، صرف زبانی جمع خرچ اور نعروں سے ختم ہونے والی نہیں ہے بلکہ اس کا قلع قمع کرنے کے لئے اجتماعی تعاون اور مشترکہ عزم کی ضرورت ہے-

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بڑھتی ہوئی اس مشکل اور خطرناک صورت حال کے سلسلے میں بعض پڑوسی ممالک کو بارہا خبردار کیا ہے اور ہر طرح کے مشترکہ تعاون کے لئے اپنی آمادگی ظاہر کی ہے-

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران، اس بات پر مکمل یقین رکھتا ہے کہ دہرے معیارات اور پوری طرح سیاسی اہداف کے حامل اتحاد کے ذریعے، دہشت گردی اور تشدد کو ہوا دینے والوں کے ساتھ  نام نہاد اتحاد قائم کر کے ان انسانیت دشمن اقدامات کو ختم نہیں کیا جا سکتا-

واضح رہے کہ جمعہ کے روز پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں تقریبا تیس افراد جاں بحق اور مولانا عبدالغفور حیدری سمیت سینتیس افراد زخمی ہوئے ہیں- اس دھماکے کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی ہے-/۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬