رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق علمائے بحرین نے اپنے بیان میں الدراز کے علاقے اور بحرین کے نامور عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائشگاہ پر کئے جانے والے حملے اور بحرین کے مختلف علاقوں میں بحران و بدامنی کا ذمہ دار آل خلیفہ حکومت کو قرار دیا ہے۔
بحرینی علما نے آل خلیفہ حکومت کے جارحانہ اقدامات پر سخت خبردار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مذہبی رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے مکان پر بحرینی فوجیوں کے حملے اور اس نامور عالم دین کے ساتھ رابطے منقطع ہو جانے کے بعد سے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دریں اثنا بحرین کے مختلف علاقوں سے ملنے والی خبروں سے پتہ چلتا ہے کہ بحرینی عوام نے بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی حمایت اور الدراز کے علاقے میں شہید ہونے والے بحرینیوں سے وفاداری و ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے بدھ کے روز بھی وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے۔
بحرین کی جمعیت عمل اسلامی نے بھی الدراز کے علاقے پر بحرینی فوجیوں کے حملے اور عام شہریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو اگر کوئی بھی نقصان پہنچا تو آل خلیفہ حکومت ہی ذمہ دار ہو گی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/