رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روسی صدر ولادی میرپوتین نے امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دنیا بھر کے انتخابات میں براہ راست مداخلت کرتا ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق روس کے صدر ولادیمیرپوتین نے کہا کہ امریکی صدارتی انتخابات کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی ای میل ہیک کرنے میں ان کی حکومت کا کوئی کردار نہیں تاہم امریکہ دوسرے ممالک میں انتخابی مہم کے دوران مداخلت کرتا ہے۔
روسی صدر نے کہا کہ دنیا کے نقشے پر موجود کسی بھی ملک پر انگلی رکھی جائے ان کی یہی شکایت ہوگی کہ امریکہ ہمارے اندرونی انتخابی عمل میں مداخلت کرتا ہے، اس لئے یاد رکھنا چاہیے کہ ہرعمل کا مخالف سمت میں ردعمل ہوتا ہے۔ڈیموکریٹک پارٹی کی ای میل ہیک کرنے میں امریکی خفیہ ایجسنی سی آئی کا ہاتھ ہوسکتا ہے تاکہ روس کو بدنام کیا جاسکے۔
پوتین کا کہنا تھا کہ امریکی ایجنسی اس سے قبل بھی امریکہ میں تخریب کاری کرکے دوسروں کو بدنام کرنے کی کوشش کر چکی ہے جب کہ سابق امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے قتل کا الزام بھی سی آئی اے پر ہے۔ امریکی انتخابات میں کوئی امیدوار ان کا پسندیدہ نہیں، صدر آتے اور جاتے رہتے ہیں اور اسی طرح سیاسی جماعتیں بھی اقتدار میں آتی جاتی رہتی ہیں تاہم سیاسی سمت کبھی تبدیل نہیں ہوتی اس لئے ہمیں کوئی پرواہ نہیں کہ کون امریکہ کا صدر ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/