رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے پاناما کیس کا تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قرار دے دیا۔ نواز شریف کو بینچ کے تمام ججوں نے ناہل قرار دے دیا۔
وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین، مریم نواز اور نواز شریف کے داماد کے خلاف ریفرنس دائر کئے جائیں گے۔ پاناما کیس کا تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے جسٹس آصف کھوسہ نے کہا کہ تمام مواد احتساب عدالت کو بھجوانے کا حکم دیا۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، جبکہ 6 ہفتے میں نیب کو ریفرنس دائر کرنے کا بھی حکم دیا ہے، احتساب عدالت 6 ماہ میں ریفرنس کا فیصلہ کرے۔
سپریم کورٹ کے 5 رکنی لارجر بینچ کی جانب سے کیس کا فیصلہ سنایا گیا، جس میں جسٹس آصف سعید کھوسہ،جسٹس اعجازافضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل تھے۔
پاناما کیس کے فیصلے کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے سکیورٹی کا خصوصی پلان تشکیل دیا تھا، سکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی اور اہم مقامات ریڈ زون اور سپریم کورٹ کے اطراف پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 3 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے۔
پولیس کے مطابق غیر متعلقہ افراد کا ریڈ زون میں داخلہ ممنوع ہے، جبکہ میڈیا نمائندوں کو کوریج کے لئے خصوصی سکیورٹی پاس جاری کئے گئے۔
سپریم کورٹ کے گرد حفاظتی رکاوٹیں اور خاردار تاریں لگائی گئی ہیں اور درخواست گزاروں کو اپنے ساتھ غیر متعلقہ افراد کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں۔ سپریم کورٹ رجسٹرار کی جانب سے جاری پاسز کے بغیر کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ریڈ زون میں موجود دفاتر میں کام کرنے والے افراد دفتری ریکارڈ اپنے ساتھ رکھیں۔ واضح رہے کہ پاناما پیپرز کیس کا فیصلہ 3 رکنی عمل درآمد بینچ نے 21جولائی کو محفوظ کیا تھا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/