رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ امامی کاشانی نے نمازجمعہ کے خطبوں میں کہا کہ سیمرغ سیٹیلائٹ کیریئر کے تجربے سے مغرب اور خاص طور پر امریکا اس لئے ناراض ہے کہ یہ ممالک اس بات سے خائف ہیں کہ ایران سائنسی میدان میں ترقی کررہا ہے اور اس میدان میں مغرب کی اجارہ داری ختم ہو رہی ہے -
آیت اللہ امامی کاشانی نے کہا کہ اسلامی انقلاب سے پہلے دشمن ایران کی قوم کو ایک مردہ قوم بنا دینا چاہتا تھا اور وہ نہیں چاہتا تھا کہ ایران کے نوجوان علمی اور سائنسی میدانوں میں پیشرفت کریں- تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ دشمن اسلامی ملکوں کی ترقی و پیشرفت نہیں چاہتا کہا کہ امام خمینی رح نے ایران میں ایک عظیم انقلاب برپا کیا اسی لئے اس وقت دشمن جیسا کہ رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا ہے ایک سائنسی تجربے پر بھی ہنگامہ کرتا ہے-
تہران کے خطیب جمعہ نے بارہویں دور کے صدر کی توثیق کی تقریب کا بھی ذکرکرتے ہوئے کہاکہ اسلامی نظام میں عوام کی خدمت باعث فخر ہے کیونکہ ایران کے عوام ہمیشہ دشمنوں کے مقابلے میں ثابت قدم رہے ہیں اور ان کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہیں -
انہوں نے نماز کے خطبے میں فرزند رسول امام رضاعلیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے کہا کہ اسلامی تہذیب و تمدن کو دنیا والوں تک عام کرنے میں امام عالیمقام کا کردار بےمثال تھا -
تہران کے خطیب جمعہ نے آٹھویں امام کے یوم ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پر توکل اور تمام امور اللہ کے حوالے کرنے اور مقام رضا تک پہنچنے سے انسان رشد و کمال پر پہنچ جاتاہے - اور امام علی بن موسی الرضا کو رضا اس لئےکہا جاتاہے کہ مقام رضا کی اعلی ترین منزل پر فائز تھے -/۹۸۸/ ن۹۴۰