
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی پیر سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ سیاستدان آئین کی اسلامی شقوں کو اپنی سیاست کا نشانہ نہ بنائیں، اسلامی شقوں کو آئین سے نکالنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملکی سلامتی کو درپیش خطرات کے پیش نظر ملک داخلی انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا، اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے، اہل حق کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا، سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ نور الحق قادری، نظام مصطفے پارٹی کے سربراہ الحاج محمد حنیف طیب، وسیم ممتاز ایڈووکیٹ اور پیر خالد سلطان قادری سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پیر سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ ہمارا جینا مرنا اسلام اور پاکستان کے لئے ہے۔ ہماری وفاداری کسی حکومت نہیں وطن اور دین کیساتھ ہے، نظام مصطفے نافذ نہ ہونے کی وجہ سے ملک بحرانوں کا شکار ہے، جماعت اہلسنت دہشتگردی، انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ قتل و غارت کے خلاف آواز اٹھاتی رہے گی، ہم وطن کی محبت کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں، استحکام وطن کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰