
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان پارلیمنٹ میں صوبہ سرپل کے عوامی نمائندے سید محمد حسین شریفی بلخابی نے اپنی ایک گفت و گو میں کہا ہے کہ سرپل صوبے میں شیعہ مسلمانوں کا قتل عام جنگی جرم اور نسل کشی ہے۔
انہوں نے حکومت افغانستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابل انتظامیہ صوبہ سرپل کےعلاقے میرزا اولنگ میں عام شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔
انہوں نے اس سلسلے میں افغان سیکورٹی اداروں پر غفلت برتنے کا بھی الزام عائد کیا۔
افغان رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ پچھلے دو سال سے دہشت گرد گروہ داعش اور طالبان سرپل صوبے کے مختلف علاقوں پر حملے کرتے رہے ہیں تاکہ میرزا اولنگ جیسے اسٹریٹیجک علاقے پر قبضہ کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے گزشتہ ہفتے علاقے پر قبضہ کرنے کے بعد کم سے کم ساٹھ بے گناہ انسانوں کا قتل عام کیا جن میں عورتیں، بچے اور سن رسیدہ افراد شامل تھے۔
محمد حسین شریفی بلخابی نے مزید کہا کہ تاحال میرزا اولنگ قتل عام میں مرنے والوں کی صحیح تعداد واضح نہں ہوسکی ہے کیونکہ یہ علاقہ بدستور دہشت گرد گروہ داعش اور طالبان کے قبضے میں ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/