20 August 2017 - 00:29
News ID: 429566
فونت
غلام علی خوشرو :
اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے کہا : امریکہ دھمکیاں اور اشتعال انگیز بیانات ایران جوہری معاہدے کی شق نمبر ۲۸ کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
غلام علی خوشرو

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے اپنی امریکی ہم منصب کے حالیہ ایران مخالف بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ دھمکیاں اور اشتعال انگیز بیانات ایران جوہری معاہدے کی شق نمبر 28 کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔

یہ بات 'غلام علی خوشرو' نے گزشتہ روز اقوام متحدہ میں تعینات امریکہ کی خاتون سفیر 'نکی ہیلی' کے 15 اگست کے بیانات پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ امریکی نمائندہ ایرانی صدر کے بیانات کو غلط پیش کرنے کے بجائے تاریخ سے سبق سیکھیں اور بعض امریکی حکام کو بھی مشورہ دیں کہ ماضی کی غلطیوں کو دہرانے سے باز آئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ من گھڑت الزامات اور ایران مخالف حالیہ بے بنیاد دعوے بعض سنیئر امریکی حکام کے غیرذمہ دارانہ رویے اور کھلی دھمکیوں کی علامت ہیں جس کا مقصد ایران کو بدنام اور جوہری معاہدے کو کمزور کرنا ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ جو لوگ اب بھی پابندیوں اور دھمکیوں کی زبان استعمال کرتے ہیں وہ اپنے وہم و خیال کے شکار ہیں اور دوسری طرف مایوسی اور دشمنی پھیلانے سے صرف اپنے آپ کو امن کے مفادات سے دور کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے مشرق وسطی میں امریکی غلطیوں اور فوجی مداخلتوں سے خطہ شدید عدم استحکام کا شکار ہوا ہے جس کی وجہ سے دہشتگردی، تشدد اور انتہاپسندی میں اضافہ بھی ہوگیا ہے۔

غلام علی خوشرو نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران خطے کا ذمہ دار ملک ہے جو عراق اور شام میں دہشتگردوں کے خاتمے کےلئے پُرعزم اور مہلک ھتھیاروں اور تشدد سے پاک مشرق وسطی کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران علاقائی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے تمام علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون کے لئے آمادہ ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬