رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا نے ایک بار پھر امریکہ پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جب چاہے امریکہ پر حملہ کر سکتا ہے اور اس حملے سے امریکہ کا کوئی علاقہ نہیں بچ سکے گا۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی کوریا اور امریکی فوج کے درمیان مشترکہ مشقوں سے ایک روز قبل شمالی کوریا کی جانب سے یہ دھمکی سامنے آئی ہے۔
شمالی کوریا نے امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان فوجی مشقوں کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رویہ صورتحال کو نہ سنبھلنے والی ایٹمی جنگ کی جانب لے جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شمالی کوریا نے دھمکی دی تھی کہ وہ بحرالکاہل کے کنارے امریکی خطے گوآم کے فوجی اڈے کو نشانہ بنائے گا اور اس سلسلے میں منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
اس کے بعد شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ ان نے اس منصوبے کو ملتوی کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کا رویہ دیکھنے کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔/۹۸۸/ن۹۴۰/