30 September 2017 - 18:35
News ID: 430159
فونت
اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا بھر میں آج نویں محرم یعنی تاسوعای حسینی کی عزاداری پورے مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور دنیا کے لاکھوں انسان شہدائے کربلا کی یاد میں اشک غم بہا رہے ہیں۔
جلوس عزا

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نو محرم کا دن جسے ایران اور عرب ممالک میں تاسوعا کہا جاتا ہے، عربی زبان کے لفظ تسع سے ماخوذ ہے جس کے معنی نو اور نھم ہوتے ہیں۔

نو محرم سن اکسٹھ ھجری کو سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب با وفا یزیدیوں کے محاصرے میں تھے اور اہلبیت رسول پر پانی بند تھا۔ یہ خاندان رسول پر انتہائی سخت دن تھا یہی وجہ ہے کہ محبان اہلبیت اس دن کو انتہائی غم و اندوہ کے ساتھ مناتے ہیں۔

نویں محرم یعنی تاسوعای حسینی (ع) کے موقع پر ایران بھر میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں اور مختلف انجمنیں ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے مختلف شاہراہوں اور سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔ مشہد مقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام ، قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا اور شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضوں میں زائرین کا جمع غفیر ہے جہاں مختلف علمائے کرام ذکر مصائب اہلبیت علیھم السلام بیان کر رہے ہیں۔

عزاداری کا یہ پرجوش سلسلہ شام غریباں تک جاری رہے گا۔ دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی لاکھوں کی تعداد میں محبان رسول و آل رسول علیھم السلام، مساجد و امام بارگاہوں میں منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں میں شریک ہیں۔

پاکستان، ہندوستان، افغانستان، آذربائیجان، ترکی، کویت ، لبنان اور دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور جلوس ھائے عزا برآمد کیے جا رہے ہیں۔

سحرعالمی نیٹ ورک غم و اندوہ کے اس موقع پر اپنے تمام سامعین،ناظرین اور عاشقان حسین (ع) کی خدمت میں دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬