رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بحرینی حکام کے وفد کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کا دورہ ایک غلط اور شرمناک اقدام تھا۔
یہ بات بہرام قاسمی نے پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اقدام کے موقع پر بحرینی وفد کی جانب سے اس مقبوضہ ملک کا دورہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بعض عرب ممالک ٹرمپ کے جاہلانہ فیصلے کی حمایت کر رہے ہیں۔
قاسمی نے بحیرہ کیسپین کنونشن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بحیرہ کیسپین کے قانونی کنونشن کے حوالے سے اچھے اقدامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے فرانسیی صدر کے ایران کے دورے کے حوالے سے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور فرانس کے درمیان اچھے تعلقات قائم ہیں اور جلد سے فرانسیسی صدر ہمارے ملک کا دورہ کرے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ قریب مستقبل میں فرانس کے وزیر خارجہ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر بات چیت کرنے کے لئے ہمارے ملک کا دورہ اور اعلی ایرانی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔
خیال رہے کہ بحرینی حکام کے اعلی وفد نے اسرائیل کا دورہ ایک ایسے وقت میں کیا ہے کہ پورے عالم اسلام میں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرہ بلند کئے جا رہے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/