
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق انجمن تاجران اور عوامی ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام ٹیکس کے خلاف یادگار شہداء اسکردو پر منعقدہ احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے سربراہ و رکن جی بی کونسل آغا عباس رضوی نے کہا ہے کہ ہم عوامی مفادات پر کبھی سودا نہیں کریں گے اور ہر قیمت پر عوام کے ساتھ دیں گے۔
ٹیکس کے خلاف جاری تحریک کی حمایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی حقوق ملنے تک جی بی پر ٹیکس کا نفاذ غیر قانونی عمل ہے۔ ہم کسی صورت ٹیکس نہیں دیں گے، چاہے اس جرم کی پاداش میں جیل جانا پڑے یا وفاقی حکومت کونسل کی رکنیت ختم کرے۔
آغا عباس رضوی نے کہا کہ جی بی کے غریب عوام پر ٹیکس کا نفاذ ظلم ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ٹیکس کے خلاف کیے گئے فیصلے کو فوری طور پر ختم کریں ورنہ تحریک کسی صورت میں ختم نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عوام متحد رہیں تو حکومت کے عزائم خاک میں مل جائیں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/