رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پاکستان کے احسان اور انسانیت سے ہمدردی کا صلہ بھارت نے کنٹرول لائن پر دہشتگردی سے دیا، عوام اور بالخصوص دہشتگردی میں شہید ہونیوالوں کے ورثاء کلبھوشن یادیو کو پھانسی پر دیکھنا چاہتے ہیں، کلبھوشن نے ملک کے عوام کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا ہے، اس کو عبرت کا نشان بنانا ہوگا، پاکستان میں دہشتگردی کو کمزور کر دیا ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف مثالی نتائج حاصل کئے ہیں، امریکا خطے میں اجارہ داری کیلئے بھارت اور افغانستان کا کندھا استعمال کر رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے مزید کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بلاجواز بھارتی فوج کی فائرنگ کھلی جارحیت ہے، اقوام متحدہ اور عالمی قوتیں نوٹس لیں، ملک کی سلامتی پر قربان ہونا ہمارے لئے سرمایہ فخر ہے، ایل او سی پر شہید ہونیوالے فوجیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پوری قوم اور پاک فوج پُرعزم ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰