رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حج پالیسی 2018ء کے تحت کل ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین سفرحجاز مقدس کریں گے جبکہ سفر حج اور دیگر اخراجات میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حج پالیسی 2018ء کے تحت کل ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین سفر حجاز مقدس کریں گے ۔
سفر حج اور دیگراخراجات میں اضافہ نہیں کیا گیا، 80 سال سے زائد عمر کے 5 ہزار حجاج کو اٹینڈنٹ سمیت بغیر قرعہ اندازی کے بھجوایا جائے گا جبکہ 3 سال تک قرعہ اندازی میں کامیاب نہ ہونے والے عازمین کی علیحدہ قرعہ اندازی ہوگی۔ حج پالیسی کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت 60 فیصد اور نجی طور پر 40 فیصد پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے، حج کے قیام کا وقت 40 دن سے کم کر کے 30 دن کردیا گیا، پاکستانی عازمین مکہ میں عزیزیہ اور مدینہ میں مرکزیہ میں قیام کریں گے۔
شمالی ریجن سے حجاج سے 2 لاکھ 80 ہزار روپے وصول کئے جائیں گے، ملک کے جنوبی حصوں سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے سرکاری اسکیم کے تحت وصول کئے جائیں گے، کسی بھی قسم کے مفت حج کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ گزشتہ سالوں میں حج کرنے والے سرکاری طور پر7 اور نجی طور پر 5 سال تک حج نہیں کر سکیں گے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰