رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام آٹھ ربیع الثانی دو سو بتیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے- آپ نے انتہائی سخت حالات میں دین الہی اور احکام اسلامی کو لوگوں تک پہنچایا اور دین کی راہ میں پیدا کئے جانے والے شبہات کو برطرف کیا- آپ نے لوگوں کو حضرت امام مہدی (عجل) کی غیبت کے دور میں اسلام پر باقی رہنے کے طریقے بیان کرتے ہوئے زمانہ غیبت کے لئے لوگوں کے ذہنوں کو بھی پوری طرح آمادہ کیا-
فرزند رسولۖ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جگہ جگہ جشن منایا جا رہا ہے اور محفلوں کا اہتمام کیا گیا ہے-
ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، مذہبی مقامات اور سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں اور سڑکوں کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور لوگ میٹھائیاں تقسیم کر رہے ہیں-
حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے جشن ولادت کے مرکزی اجتماعات کل رات مشہد المقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے حرم مطہر میں منعقد ہوئے ہیں جن میں ہزاروں زائرین اور عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت نے شرکت کی اور اس پرمسرت موقع پر حضرت امام رضا علیہ السلام اور جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت ولی عصر امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کی خدمت میں بھی مبارکباد پیش کی اور یہ سلسلہ جاری ہے۔
اس پر مسرت موقع پرعراق کے مقدس شہروں خاص طور پر سامرا میں عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت کا جم غفیر ہے جو امام عالی مقام کا جشن ولادت منا رہے ہیں-
کربلائے معلی، نجف اشرف اور کاظمین میں بھی جشن کا شاندار اہتمام کیا گیا ہے- پاکستان اور ہندوستان کے بھی مختلف شہروں میں محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔
سحرعالمی نیٹ ورک اس مبارک موقع پر اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماؤں کی خدمت میں ہدیہ تبریک و تہنیت پیش کرتا ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰