رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں ملت تشیع کے علمائے کرام کی جانب سے ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی ''بشارت عظمٰی کانفرنس''کے انعقاد کا ایک بار پھر اعلان کر دیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق کانفرنس کی انتظامیہ نے اس حوالے سے اس بار وفاق علمائے شیعہ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری اور جامعہ مصباح العلوم الجعفریہ (ملتان) کے پرنسپل مولانا اختر حسین نسیم کو اس کانفرنس کے انعقاد کا ٹاسک دیا ہے، اس حوالے سے مولانا اختر حسین نسیم نے ملتان میں ایک ٹیم بھی تشکیل دیدی ہے، کانفرنس 4 فروری کو ملتان کے مقامی شادی ہال میں منعقد ہوگی، کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی، جامعۃ المنظر کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین حافظ ریاض حسین نجفی، حجت الاسلام و المسلمین شیخ محسن علی نجفی، حجت الاسلام و المسلمین نیاز حسین نقوی، حجت الاسلام و المسلمین محمد حسین نجفی سمیت دیگر علمائے کرام شریک ہوں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بشارت عظمٰی کانفرنس کرانے کے حوالے سے مختلف شخصیات کو ٹارگٹ دیا گیا، لیکن بعض مصروفیات کی وجہ سے اس کے انعقاد میں تاخیر ہوئی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰