رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ خطے میں امریکا ڈبل گیم کھیل اور انتشار کو ہوا دے رہا ہے، امریکا بھارت اور افغانستان کے ذریعے خطے میں دہشتگردی کو فروغ دینا اور پاکستان کی مقبولیت کو کم کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے بیان کیا کہ امداد کے طعنے دینے والے کیا پاکستان کے ۷۰ ہزار شہیدوں کی زندگی واپس لا سکتے ہیں، ۴ جنوری کو ملک گیر یوم وفائے رسولؐ منائے گی، غازی ملت ممتاز حسین قادری سمیت ناموس رسالت کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی تقریبات منعقد کی جائینگی،
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان کو کسی کی خیرات اور امداد کی ضرورت نہیں ہے، پاکستان کے عوام اپنے ملک کی ترقی و استحکام کیلئے پیٹ پر پتھر باندھ کر قربانی دینے کو تیار ہیں، حکمران قرضوں اور امداد سے نجات کیلئے میڈ ان پاکستان پالیسیاں بنائیں، عوام ساتھ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو افغانستان میں ناکامی کا سامنا ہے، اس کی ایشیا سے اجارہ داری ختم ہو رہی ہے، اسی لئے امریکا بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور پاکستان کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرکے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، لیکن پاکستان کے عوام متحد ہیں، امریکا کی کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دینگے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/