رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لندن کے میئر نے امریکی صدر کی جانب سے برطانیہ کا دورہ منسوخ کیے جانے پر رد عمل دیتے ہوئے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کو لندن کے شہریوں کا پیغام مل چکا ہے کہ برطانوی شہری ٹرمپ کے فیصلوں کو اپنے شہر کے اقدار کے خلاف سمجھتے ہیں۔
صادق خان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو لندن میں بڑے پیمانے پرمظاہروں کا خوف ہے اس لیے انہوں نے اپنا دورہ منسوخ کیا جب کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کے یہاں پہنچتے ہی بڑے تعداد میں مظاہرین باہر نکلتے۔
انہوں نے برطانوی وزیراعظم تھریسامے کی جانب سے امریکی صدر کو دورے کی دعوت دینا بڑی غلطی قرار دیا۔
اس سے قبل برطانیہ کی لیبرپارٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ اگر امریکی صدر نے برطانیہ کا دورہ کیا تو ان کا استقبال نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ٹوئٹ کے ذریعے اپنا دورہ برطانیہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اوباما انتظامیہ کی جانب سے بنائے گئے نئے سفارت خانے کا افتتاح کرنے کے لیے برطانیہ نہیں جاسکتے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ میں بڑے پیمانے پراحتجاج کے خدشے سمیت اپنا استقبال اچھی طرح نہ کیے جانے کے ڈرسے دورہ برطانیہ منسوخ کردیا ہے۔ اس دورے کے دوران ٹرمپ کی برطانوی وزیراعظم تھریسا مے سے ملاقات بھی شیڈول تھی۔
دورہ منسوخ ہونے کے بعد امریکی صدر اگلے ماہ 75 کروڑ پاؤنڈز کی لاگت سے لندن میں تعمیر ہونے والے نئے امریکی سفارت خانے کا افتتاح نہیں کریں گے اور ان کی جگہ اب وزیرخارجہ ریکس ٹیلرسن برطانیہ جائیں گے۔
اس سے قبل بھی امریکی صدرکے متنازعہ فیصلوں کے بعد ان کا دورہ برطانیہ روکنے کے لیے ایک آن لائن درخواست پر10 لاکھ سے زائد برطانوی شہریوں نے دستخط کیے تھے جب کہ درخواست میں کہا گیا تھا کہ ٹرمپ کو برطانیہ آنے کی اجازت ہے لیکن ان کے سرکاری دورے سے ملکہ برطانیہ کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰