رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین سندہ کے سیکریٹری جنرل حجت الاسلام مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ امام علیؑ کی حیات طیبہ میں ہمیں تمام انسانی کمالات یکجا نظر آتے ہیں، آپؑ ایک انسان کامل ہونے کے ناطے ہم سب کے لئے اسوہ ہیں ، آپؑ کی سیرت پر عمل پیرا ہوکر ہم دین و دنیا کی بھلائی اور کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نہج البلاغہ شخصیت علیؑ کی بہترین عکاس ہے جو علم و عرفان کا سمندر ہے۔ ہم سیرت علوی سے دوری کے باعث آج زوال کا شکار ہیں، علوی سیرت و کردار اپنا کر ، علم و عمل کے ذریعے ہم حقیقی شیعہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مظاہرین پر اسرائیلی فائرنگ کے نتیجہ میں پندرہ افراد کی شہادت اور پندرہ سو فلسطینیوں کے زخمی ہونے پر انتہائی افسوس ہے، مسلم حکمرانوں کی بے حسی نے اسرائیل کو جری کردیا ہے۔ اسرائیلی مظالم پر عالمی ادارے اور عرب حکمران خاموش تماشائی ہیں جبکہ اسرائیل سے دوستی کرکے اورانڈیا سے اسرائیل تک فضائی سروس کو راستہ دے کر آل سعود نے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان جدوجہد آزادی کے سفر میں فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کا ساتھ دیں، اسرائیل اور انڈیا کے بڑہتے ہوئے تعلقات پر ہمیں تشویش ہے۔ اسرائیل غاصب ریاست ہے جس کا عبرتناک انجام ابھی نزدیک ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/