رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ و ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے جامعہ نعیمیہ میں نعیمین ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر پروفیسر ظفر اقبال نعیمی، مولانا امداد اللہ نعیمی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس کی حفاظت کیلئے مسلم امہ اُٹھ کھڑی ہو، نہتے فلسطینیوں پر اسرائیل کے انسانیت سوز مظالم افسوسناک اور فکر انگیز ہیں، عالم اسلام کے حکمران مسلمانوں کے قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں، بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کا افتتاح امت مسلمہ کی غیرت ایمانی کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کو چاہئے کہ بیت المقدس میں امریکی سفارتخانے کے قیام کیخلاف متحد ہو کر مشترکہ آواز اٹھائیں، القدس کی آزادی کیلئے ترکی کا کردار قابل تحسین ہے، عالمی برادری فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم عوام فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور درندگی اور بیت المقدس پر امریکی سفارتخانے کی منتقلی کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور مظلوم نہتے فلسطینی مسلمانوں کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں، قبلہ اول پر اسرائیلی قبضے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰