رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی نے اس آمادگی کا اظہار کیا ہے کہ جب تک ایران، جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر قائم رہے گا جرمنی بھی اس کی معیشت کے لئے مدد فراہم کرتا رہے گا۔
یہ بات جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے برلن میں عالمی حل کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی اس وقت تک ایران کو اپنی معیشت کی بہتری اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی پر مدد فراہم کرتا رہے گا جب تک ایران، جوہری معاہدے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل در آمد کرتا رہے گا۔
ہائیکو ماس نے کہا کہ ہم معیشت کی بحالی اور موثر تجارتی تعلقات کے قیام سے متعلق ایران کی توقعات کو پورا کرنے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کریں گے۔
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 مئی کو ایک بار پھر ایران اور جوہری معاہدے کے خلاف پرانے الزامات کو دہرا کر اس معاہدے سے امریکہ کی علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔
ٹرمپ نے ایران کے خلاف پرانی ہرزہ سرائیوں کو دہراتے ہوئے کہا کہ وہ ایران پر دوبارہ پابندیاں لگانے کے حکم نامے پر دستخط کریں گے۔
ٹرمپ کی علیحدگی کے ردعمل میں یورپی ممالک نے کہا کہ وہ ایران جوہری معاہدے پر قائم رہیں گے۔
صدر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر حسن روحانی نے بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری معاہدے سے علیحدگی کے اعلان کے ردعمل میں کہا کہ آج سے یہ معاہدہ ایران اور اس پر دستخط کرنے والے 5 فریقین کے درمیان رہے گا۔
انہوں نے ایرانی قوم کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ اگر موجودہ صورتحال میں ہمارے قومی مفادات کو تحفظ نہ ملے تو وہ ایک بار پھر قوم سے خطاب کرتے ہوئے ریاست اور حکومت کے تعمیری فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/