رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ اسلام ہر طرح کی دہشتگردی کے خلاف ہے۔ دنیا بھر میں دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر خود مسلمان ہیں۔ مسلم حکمرانوں کو متحد ہوکر قرآن وسنت کی روشنی میں نئی حکمت عملی ترتیب دینا ہوگی، تاکہ اسلام دشمن سازشوں کا منہ توڑ جواب دیا جاسکے۔
جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کوئٹہ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ امیدوار وذمہ دار انتخابات کی تیاریوں وسرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں۔ جماعت اسلامی کے ووٹرز ایم ایم اے کے امیدواروں کی جیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔ بلوچستان کی پسماندگی میں وفاق کیساتھ گذشتہ کئی دہائیوں سے اقتدار میں شامل طبقات برابر کے شریک ہیں۔
منتخب ہوکر عوام کو ان کی حالت پر چھوڑ دینے کا وقت گزر گیا۔ عوام انتخابات میں باکردار اور دیندار طبقات کا ساتھ دیں۔ تہذیبوں کے تصادم میں چودہ سو سال پہلے بدر کے میدان میں اسلامی تہذیب بت پرستوں، آتش پرستوں، یہودی و نصرانی تہذیب پر اپنی برتری ثابت کرچکی ہے۔ مغرب دلائل کی میز پر اپنا مقدمہ ہار چکا ہے، اسی لئے اب وہ جدید اور مہلک ہتھیاروں سے لاکھوں انسانوں کو قتل کرکے دنیا کے امن کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ افغانستان اور پاکستان میں دشمن دہشت گردی کر رہا ہے۔ جماعت اسلامی کرپشن کے خاتمے اور ملک کو حقیقی معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد میں مصروف عمل ہے۔ /۹۸۹/ ف۹۴۰