رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ شہید قائد ملت جعفریہ علامہ سید عارف حسینی الحسینی نے مالک اشتر جیسی بہادری کا مظاہرہ کیا، بانی انقلاب اسلامی امام خمینی نے انہیں اپنا فرزند قرار دیا، 6 جولائی 1987ء کی مینار پاکستان پر قرآن و سنت کانفرنس میں عملی طور پر سیاست میں آنے کا اعلان کرکے تحریک جعفریہ کا بہترین منشور پیش کیا، جو اس وقت کی تمام سیاسی جماعتوں سے بہتر تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو اسلام دشمن ملک ثابت کرنے کا سہرا علامہ عارف الحسینی کے سر ہے، جنہوں نے امریکی سازشوں کو بے نقاب کیا ورنہ اس وقت کی مذہبی جماعتیں امریکہ کو اسلام دشمن ماننے کیلئے تیار نہ تھیں۔
امامیہ آرگنائزیشن کے زیراہتمام لاہور میں شہید علامہ عارف الحسینی کی 30 ویں برسی کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب میں حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ علامہ عارف الحسینی نے 10 فروری 1984ء کو بھکر میں قیادت کا منصب سنبھالتے ہی ملک بھر کے دورہ جات شروع کئے تو عوام کے منظور نظر ہوگئے، لوگوں نے والہانہ استقبال کئے۔
انہوں نے کہا کہ شہید قائد ملت جعفریہ کو اپنے جد امجد حضرت علی علیہ السلام جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا، جوانی میں قیادت کی ذمہ داریاں ملنا کچھ بزرگوں کو ناگوار گزرا لیکن دین مبین کی سربلندی کیلئے خلوص اور محنت سے انہوں نے 2 سال ہی میں ثابت کر دیا کہ وہ منصب قیادت کیلئے نہ صرف اہل ہیں بلکہ بہتر قائدانہ صلاحیتیں بھی رکھتے ہیں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰