رسا نیوز ایجنسی کے مطابق،سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل محمد علی جعفری نے ہفتے کو عراق سے متصل ایران کے شملچہ بارڈر کے معائنے کے موقع پر نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اربعین کا آفاقی پیغام یہ ہے کہ سبھی مسلمان اور غیر مسلمان عالمی استکبار اور ظلم کے خلاف متحد ہوگئے ہیں اور سبھی لوگ شہدا کے خون کا انتقام لینے کی تمنا میں ہیں۔
واضح رہے کہ اس سال اربعین حسینی کے ملین میں مارچ شرکت کے لئے عراق، ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے زائرین اور عاشقان سید الشہدا ہر سال سے زیادہ تعداد میں عراق پہنچ رہے ہیں اور ان میں گذشتہ برسوں سے بھی زیادہ جوش و ولولہ پایا جارہا ہے اور تمام تر مشکلات اور اقتصادی مسائل کے باوجود اربعین مارچ میں ہر سال سے زیادہ تعداد میں شریک ہیں۔
سپاہ پاسداران کے انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے کہا کہ آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ سبھی ادارے منجملہ پولیس، سپاہ، عوامی رضاکارفورس بسیج، ضلعی انتظامیہ، گورنریٹ اور خاص طور پر عوامی کمیٹیاں رضاکارانہ طور پر جوش و جذبے سے سرشار زائرین کی خدمت اور پذیرائی میں لگی ہوئی ہیں۔
جنرل جعفری نے شلمچہ سرحد کی طرف جانے والے راستے میں قائم موکب اور کیمپوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں ایک عجیب و غریب جوش و ولولہ پایا جا رہا ہے جو ایک عظیم واقعے یعنی ظہور امام کی تیاری اور مشق ہے کیونکہ سبھی شیعہ اور دیگر مکاتب کے مسلمان ظہور کے منتظر ہیں۔ انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ امام حسین علیہ السلام کی تحریک ظلم کے خلاف جد وجہد اور ظلم کے سامنے نہ جھکنے کے لئے تھی اور یہی واقعہ عاشورا کا اصل پیغام ہے کہا کہ اربعین حسینی کا آفاقی پیغام یہ ہے کہ اربعین کا آفاقی پیغام یہ ہے کہ سبھی مسلمان اور غیر مسلمان عالمی استکبار اور ظلم کے خلاف متحد ہوگئے ہیں۔
اس درمیان ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں اربعین حسینی کے زائرین کی پذیرائی کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ اب تک سڑسٹھ ہزار سے زائد پاکستانی زائرین تفتان اور میر جاوہ سرحد سے ایران میں داخل ہوچکے ہیں جنھیں اربعین کے ملین مارچ میں شرکت کے لئے عراق کی سرحدوں کی جانب روانہ کردیا گیا ہے۔
سیستان و بلوچستان میں زائرین اربعین کی پذیرائی کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے سربراہ رضا بختیاری نے کہا ہے کہ ان سبھی پاکستانی زائرین کو سیکڑوں بسوں سے ایران اور عراق کی سرحدوں پر منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبہ خراسان رضوی کے گورنریٹ نے بھی خبردی ہے کہ اب تک دس ہزار کے قریب افغان زائرین سرحدی راستے سے ایران میں داخل ہوئے ہیں۔ صوبہ خراسان رضوی کے گورنریٹ میں زائرین کی رفاہ کے ادارے کے سربراہ مہدی فروزان نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغان زائرین کو صوبہ خراسان رضوی سے عراق کی جانب روانہ کردیا گیا ہے جہاں وہ اربعین کے ملین مارچ میں شرکت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا یہ سبھی زائرین کربلائے معلی میں اربعین حسینی میں شرکت کرنے کے بعد ماہ صفر کے آخری ایام میں دوبارہ مشہد مقدس پہنچیں گے اور امام رضا علیہ السلام کی زیارت سے مشرف ہوں گے/۹۸۸/ن ۹۴۰