23 December 2018 - 19:05
News ID: 438955
فونت
انصاراللہ کے مذاکرات وفد کے سربراہ نے کہا کہ شہر الحدیدہ میں فائربندی کے سمجھوتے پر عمل کی نگرانی کے لئے اقوام متحدہ کی ٹیم کو روانہ کئے جانے کا فیصلہ سعودی جارحیت اور محاصرہ ختم کرانے کے لئے اہم قدم ہے ۔
 انصاراللہ

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سوئیڈن کے امن مذاکرات میں یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے مذاکرات وفد کے سربراہ نے شہر الحدیدہ میں فائربندی کے سمجھوتے پر عمل کی نگرانی کے لئے اقوام متحدہ کی ٹیم کو روانہ کئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سعودی جارحیت ختم کرانے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔

سوئیڈن کے امن مذاکرات میں یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے مذاکرات وفد کے سربراہ محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ شہر الحدیدہ میں فائربندی کے سمجھوتے پر عمل کی نگرانی کے لئے اقوام متحدہ کی ٹیم کو روانہ کئے جانے کا فیصلہ سعودی جارحیت اور محاصرہ ختم کرانے کے لئے اہم قدم ہے تاکہ سیاسی سمجھوتے کے حصول کے لئے راہ ہموار ہو سکے۔

شہر الحدیدہ میں فائربندی کے سمجھوتے پر عمل کی نگرانی کے لئے اقوام متحدہ کی ٹیم کے سربراہ پیٹرک کامرٹ، صنعا میں عوامی تحریک انصاراللہ کے رہنماؤں سے ملاقات اور شہر الحدیدہ کا معائنہ کرنے کے لئے ہفتے کو جنوبی یمن میں عدن ایرپورٹ پہنچے۔

اسٹاک ہوم مذاکرات چھے دسمبر کو یمن کے امور میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی شمولیت سے امن مذاکارت شروع ہوئے تھے اور تیرہ دسمبر تک جاری رہے جن میں الحدیہ میں فائربندی کے سمجھوتے سے اتفاق کیا گیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جمعے کے روز سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں یمنی فریقوں کے درمیان طے پانے والے ابتدائی سمجھوتے کی توثیق میں ایک قرارداد منظوری کی۔

اس قرارداد میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوترش کو اس بات کی اجازت دی گئی ہے کہ وہ اسٹاک ہوم سمجھوتے پر عمل درآمد کو آسان بنانے اور اس عمل کی نگرانی کے لئے ایک ٹیم تعینات کر سکتے ہیں۔

سوئیڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں ہونے والے یمن کے امن مذاکرات میں طے پانے والے سمجھوتے کی بنیاد پر مغربی یمن کے شہر الحدیدہ میں گذشتہ منگل کی صبح سویرے سے فائربندی پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے الحدیدہ میں فائربندی پر ایسی حالت میں مکمل طور پر عمل کیا جا رہا ہے کہ سعودی اتحاد کے فوجیوں کی جانب سے فائربندی کی نگراں کمیٹی کے داخلے میں ہونے والی تاخیر کو بہانہ بنا کر جنگ بندی کے سمجھوتے کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے۔

سعودی اتحاد کے جنگی اور اسی طرح ڈرون طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر بارہا بمباری کی اور ان طیاروں نے الحدیدہ کی فضا میں بھی پرواز کی اور اس شہر کے مختلف علاقوں کو بارہا نشانہ بنایا۔ یہاں تک کہ الجوف میں زخمیوں کو منتقل کرنے والی ایمبولینس گاڑیوں تک کو جارحیت کا نشانہ بنانے سے گریز نہیں کیا گیا۔

سعودی اتحاد کی جانب سے فائربندی کی خلاف ورزی اور اس جارح اتحاد کی جاری کارروائیوں کے جواب میں یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے بھی اتوار کی صبح صوبے صعدہ میں سعودی اتحاد کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا۔ سی ایچ فور قسم کا یہ ڈرون طیارہ میزائل کے ذریعے تباہ کیا گیا جبکہ الحدیدہ میں سعودی اتحاد کی جاسوسی کی کارروائیوں کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب کے علاقے جیزان میں سعودی فوجی ٹھکانوں کو بھی زلزال ایک قسم کے میزائل سے نشانہ بنایا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے ہفتے کی رات اعلان کیا ہے کہ ہفتے کی صبح سویرے سے اب تک سعودی اتحاد کی جانب سے دو سو تئیس بار فائربندی کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے۔ واضح رہے کہ الحدیدہ بندرگاہ یمن کا واحد ایسا ذریعہ ہے کہ جہاں سے یمنی عوام کو انسان دوستانہ امداد پہنچائی جا سکتی ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬