رسا ںیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے ایام فاطمیہ (س) کی مناسبت سے مجالس عزاء کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں آستان شریف حضرت میر شمس الدین اراکیؒ چاڈورہ میں بعد از نماز جمعہ مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے خاتون جنت جناب فاطمۃ الزہرا (س) کی سیرت کے مختلف گوشوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
آغا سید حسن نے کہا کہ حضرت فاطمۃ الزہرا (س) نے اپنی انتہائی مختصر زندگی میں خدمت اور اطاعت رسول (ص) اور عشق عرفان الٰہی کے وہ منازل طے کئے جو رہتی دنیا تک حق پرستوں کے لئے سرمایہ نجات کی حیثیت رکھتے ہیں۔ خواتین کے مقام و مرتبے اور عزت و عظمت کے احترام کے حوالے سے اسلام کی سنجیدگی کا واضح مظاہرہ حضور سرور کائنات (ص) کا اپنی بیٹی جناب فاطمۃ الزہرا (س) کے ساتھ بے پناہ عقیدت و محبت ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ذات مقدسہ سے حضور سرور کائنات (ص) کی بے پناہ وابستگی کا سرچشمہ حضرت زہرا (س) کا وہ کردار و عمل ہے جس کے ہر پہلو میں اسلام کی سربلندی اور دائمی حفاظت کا راز مضمر ہے۔ /۹۸۸/ ن