16 May 2019 - 23:12
News ID: 440402
فونت
صاحبزادہ حامد رضا :
سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کی عالمی سازش روکنا حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ ذمہ داری ہے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کو ناکام ریاست بنانے کی عالمی سازش روکنا حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ ذمہ داری ہے، عالمی طاقتیں پاکستان میں فساد اور انتشار پھیلانا چاہتی ہیں۔ لاہور، گوادر اور کوئٹہ میں دہشتگردی کے تازہ واقعات تشویشناک ہیں۔ پاکستان عالمی سازشوں کی زد میں ہے، قوم کو مایوسی اور ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔اپوزیشن عوامی مسائل پر ایوانوں اور میدانوں میں آواز اٹھائے۔ عوام کی بڑھتی بے چینی کسی بڑے طوفان کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔مراعات یافتہ طبقہ ملکی وسائل پر قابض ہے، فراڈ جمہوریت عوام کیلئے بانجھ ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے ثمرات عوام تک نہیں پہنچے، پارلیمنٹ ڈیبیٹنگ کلب بن چکی ہے، عوام حکومت اور اپوزیشن دونوں سے مایوس اور بیزار ہے، عمران خان کی ٹیم ناقص ہے۔

فیصل آباد میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے حکومت اور اپوزیشن کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی، ملکی ترقی، استحکام اور خوشحالی کیلئے نیشنل ایکشن پلان کی ہر شق پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ ’’پیغام پاکستان“ شدت پسندی کے خاتمے کیلئے متفقہ قومی بیانیہ ہے، پیغام پاکستان کو تعلیمی اداروں اور مدارس کے نصاب کا حصہ بنایا جائے۔

 شدت پسندی اور فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے ہر حکومتی کوشش کا ساتھ دیں گے۔ ہماری سیاست کا مرکز و محور اسلام اور پاکستان ہے۔ پاکستان کی سلامتی کو بھارتی جنگی جنون سے شدید خطرات لاحق ہیں، ان جنگی حالات میں قوم کو متحد کرنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے، قومی اتحاد ہی استحکام وطن کی ضمانت ہے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬